بھارت میں مداحوں کے ہجوم کا اداکاراؤں کو گھیر کر ان کی سلامتی خطرے میں ڈالنے کا خوفناک رجحان نیا نہیں ہے، حال ہی میں ندھی اگروال کو پیش آئے ہوئے واقعے کی طرح ماضی میں بھی متعدد ہیروئنز اس کا شکار ہو چکی ہیں اور متعدد کو زخمی بھی کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مداحوں کی حد سے بڑی ہوئی محبت کے باعث ندھی اگروال سے کی گئی بدسلوکی نے بالی ووڈک و ہلا کر رکھ دیا تھا۔ ماضی میں جن ہیروئن کے ساتھ ایسے واقعات پیش آئے، ان میں سشمیتا سین بھی شامل ہیں جن کا کئی بار ہوائی اڈوں اور تقریبات میں گھیراؤ کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کا ماننا ہے کہ ایک بار اداکارہ سشمیتا سین کے سابق بوائے فرینڈ روہمن شال نے انہیں جنونی مداحوں کی بھیڑ سے بچایا جب گوا کے ائیرپورٹ پر مداحوں نے سشمیتا سین کو گھیرا اور اسی طرح پونے میں بھی ہوا جب جیولری اسٹور کے افتتاح کے موقعے پر وہ ہجوم میں بری طرح پھنس کر رہ گئیں۔
لندن میں ایک مداح کے ساتھ سیلفی کی تصویر نہ کھنچوانے پر معافی مانگتے ہوئے اداکارہ روینہ ٹنڈن نے کہا کہ مجھے اکیلے ہونے پر مردوں کے گروپ کے قریب جانے سے ڈر لگتا ہے۔ مداحوں کی بھیڑ کے ساتھ بات چیت کے متعلق اداکارہ کے اس اعتراف نے واضح کیا کہ جنونی مداحوں نے اداکاراؤں کو کتنا ہراساں کر رکھا ہے۔
ایک بار مہاکنبھ کے میلے میں پہنچنے پر اداکارہ کترینہ کیف کو نیم برہنہ مردوں کے ہجوم نے گھیر لیا، جنونی مداحوں کے گروہ نے بالی ووڈ اداکارہ کے چہرے کے سامنے فون لہرادئیے جب وہ گنگا میں ڈبکی لگانے کی کوشش میں مصروف تھیں، اس واقعے سے بھی سوشل میڈیا صارفین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔
حال ہی میں سائٹاڈل ہنی بنی میں ایکشن رول نبھانے والی سمانتھا رتھ پربھو بھی ایسی اداکاراؤں میں شامل ہیں جو ایک رٹیل آؤٹ لیٹ کے افتتاح کے موقعے پر ہراسانی کا شکار ہوئیں۔ ہجوم نے 2016 میں اداکارہ کی کار کو گھیر لیا اور کچھ شرپسندوں نے تو ان کی گاڑی کے ٹائر تک پنکچر کردئیے تھے تاکہ وہ جا ہی نہ سکیں۔
یہاں یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ بالی ووڈ اداکار اور اداکارائیں جنہیں عوامی جاگیر سمجھا جاتا ہے، وہ بھی انسان ہوتی ہیں اور ساتھ سیلفی کی صورت تصویر کھنچوانے سے لے کر آٹو گراف لینے تک مداحوں کی جتنی بھی سرگرمیاں ہیں، انہیں اداکاراؤں کی ذاتی حفاظت اور سلامتی پر ترجیح نہیں دی جاسکتی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








