میکسیکو سٹی سے کینکون جانے والی ایک پرواز اس وقت منسوخ کر دی گئی جب پائلٹ نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کرتے ہوئے خود کو کاک پٹ میں بند کر لیا، جس کے باعث مسافروں کے لیے کشیدہ صورتحال پیدا ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق میکسیکن چارٹر ایئرلائن Magnicharters کی پرواز نمبر 780 میکسیکو سٹی کے بینیتو خواریز انٹرنیشنل ایئرپورٹ (AICM) سے کینکون کے لیے روانہ ہونے والی تھی تاہم بوئنگ 737 طیارے کے پائلٹ نے ٹیک آف سے انکار کرتے ہوئے کاک پٹ کا دروازہ بند کر لیا اور واضح طور پر کہا کہ جب تک ایئرلائن بقایا تنخواہیں ادا نہیں کرتی وہ پرواز نہیں اڑائیں گے۔
پائلٹ نے انٹرکام کے ذریعے مسافروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ طیارہ اس وقت تک نہیں اڑے گا جب تک ہمیں ہماری بقایا ادائیگیاں نہیں کر دی جاتیں۔
پائلٹ کا مؤقف تھا کہ ایئرلائن کی جانب سے انہیں گزشتہ پانچ ماہ سے پر ڈیئم الاؤنسز (روزانہ اخراجات) ادا نہیں کیے گئے۔
واقعے کے بعد مسافروں کو احتیاطی تدابیر کے تحت طیارے سے اتار لیا گیا جبکہ صورتحال کے پیشِ نظر ممکنہ ہائی جیکنگ کے الارم پر میکسیکن نیوی (Marina) نے بھی مداخلت کی تاہم بعد ازاں واضح ہوا کہ معاملہ مزدوری کے تنازع سے متعلق تھا۔
پرواز کو باضابطہ طور پر منسوخ کر دیا گیا جبکہ ایئرپورٹ انتظامیہ اور کمانڈ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یہ واقعہ کم لاگت اور چارٹر ایئرلائنز کی مالی مشکلات کو اجاگر کرتا ہے اور مسافروں کے لیے اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ بعض ایئرلائنز کے ساتھ سفر کے دوران غیر متوقع مسائل پیش آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں پائلٹ کو مسافروں سے تنخواہوں کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس نے اس واقعے کو عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








