بنوں کے علاقے میریان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ مقابلے کے دوران دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مارے جانے والوں میں دو اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی، پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے علاقے میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاعات ملنے پر مشترکہ آپریشن کیا۔ کارروائی کا مقصد کالعدم تنظیم سے وابستہ عناصر کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شدید جھڑپوں کے دوران اہم دہشت گرد کمانڈر زمری نور اور افغان شدت پسند رہنما عبداللہ سعید بھی مارے گئے جبکہ ان کے ساتھ 14 دیگر جنگجو بھی ہلاک ہوئے۔
حکام نے بتایا کہ دشوار گزار علاقے میں کیے گئے اس آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سخت مزاحمت کی تاہم فورسز نے متعدد خفیہ ٹھکانے تباہ کر دیے اور علاقے کا کنٹرول حاصل کر لیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار بھی فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں کی شناخت کانسٹیبل وحید اللہ خان اور نور اللہ خان کے نام سے ہوئی ہے۔
شہداء کی نماز جنازہ پولیس لائنز بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی جس میں سول و عسکری حکام، عمائدینِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک علاقے بھر میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








