جنیوا: عالمی ادارۂ صحت نے دنیا کے 121 ممالک میں پھیلنے والے مرض منکی پاکس کی پہلی ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔ نئی ویکسین 18سال یا زائد العمر افراد کو 2 خوراکوں میں دی جاسکے گی۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کا خبر ایجنسی کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ عالمی ادارۂ صحت نے منکی پاکس کی پہلی ویکسین ایم وی اے بی این کی منظوری دی جبکہ یہ ویکسین 4 ہفتوں کے فرق سے دی جائے گی۔ ویکسین کی ٹیسٹنگ مکمل کرلی گئی۔
رپورٹ کے مطابق خبر ایجنسی نے کہا کہ منظور شدہ ایم پاکس ویکسین وائرس کے خلاف ایک خوراک کے بعد 76 فیصد جبکہ 2 خوراکوں کے بعد 82فیصد تک مؤثر پائی گئی ہے۔ اس سے قبل ہی عالمی ادارۂ صحت نے منکی پاکس کو عوامی صحت کیلئے ایمرجنسی قرار دیا تھا۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ منکی پاکس دنیا کے 121 ممالک میں پھیل چکا ہے اور صرف رواں برس کے دوران اس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 500 سے زائد رہی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ ہائی رسک گروپس اور کمزور مدافعت والے افراد میں موت کی شرح 10فیصد ہوسکتی ہے۔
منکی پاکس وائرس کے 5 کیسز پاکستان میں بھی رپورٹ ہوئے اور مختلف دیگر ممالک سے سفر کرکے پاکستان آنے والے مسافروں کے جسم میں منکی پاکس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے جس سے ماہرین صحت میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








