نیٹ میٹرنگ بند کرنے کا اختیار کس نے دیا؟ نیپرا نے ڈسکوز کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے میڈیا رپورٹس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسکوز کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کی نئی درخواستوں کی رجسٹریشن روکنا نہ صرف تشویش ناک ہے بلکہ بجلی سیکٹر کے موجودہ قوانین اور ریگولیٹری فریم ورک کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

نیپرا کے مطابق اتھارٹی نے مشاہدہ کیا ہے کہ کئی ڈسٹری بیوشن کمپنیاں (ڈسکوز) نے نئی نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی رجسٹریشن روک دی ہے۔ اس پر نیپرا نے تمام ڈسکوز اور کے الیکٹرک سمیت سے نیٹ میٹرنگ سے متعلق مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں اور فوری طور پر قوانین کی پابندی کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

نیپرا نے تمام ڈسکوز کو ہدایت کی ہے کہ نیٹ میٹرنگ درخواستوں کی موجودہ صورتحال سے متعلق مکمل معلومات تین ورکنگ ڈیز کے اندر جمع کروائی جائیں۔ اس معاملے کو فوری قرار دیتے ہوئے نیپرا نے زور دیا کہ نیٹ میٹرنگ قابل تجدید توانائی کے فروغ اور صارفین کی بجلی پیداوار میں شرکت کو بڑھاوا دینے کے لیے انتہائی اہم ہے۔

نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ نئی درخواستوں کی رجسٹریشن روکنا مروجہ قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اسے فوری طور پر درست کیا جائے۔

یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلیوں پر بحث جاری ہے جس میں بائ بیک ریٹس میں کمی اور نیٹ بلنگ نظام متعارف کرانے کے اقدامات شامل ہیں تاہم موجودہ قوانین کے تحت نیٹ میٹرنگ کی سہولت جاری رکھنا لازمی ہے۔

Related Posts