پی ٹی آئی 8 فروری کو کیا کھیل کھیلنے جا رہی ہے؟ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سب بتادیا

تازہ ترین

تازہ ترین

Islamabad court grants bail to 278 PTI workers in Nov 26 protest cases

پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات کے 2 سال مکمل ہونے پر 8 فروری ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے یومِ سیاہ منانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی قیادت کے مطابق اس دن عوامی مینڈیٹ کو پامال کیا گیا جس کے خلاف سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ 8 فروری کو عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا اسی لیے پارٹی اس دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ احتجاج کے تحت پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی تاکہ حکومت تک عوامی غم و غصہ پہنچایا جا سکے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ماضی میں نواز شریف ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگاتے رہے ہیں اور آج پاکستان تحریک انصاف بھی اسی اصولی مؤقف پر کھڑی ہے۔ ان کے مطابق عوام کے ووٹ کا احترام جمہوریت کی بنیاد ہے جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر بات کرتے ہوئے اسد قیصر نے واضح کیا کہ پارٹی قیادت اس حوالے سے اپنا مؤقف پہلے ہی سامنے لا چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اصولی بنیادوں پر مذاکرات کے لیے تیار ہے تاہم اس کے لیے واضح ایجنڈا اور ٹھوس نکات ہونا ناگزیر ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا لاہور کا دورہ کریں گے جبکہ پارٹی کی دیگر قیادت سندھ اور بلوچستان جائے گی تاکہ عوام کو احتجاج اور ہڑتال کے حوالے سے آگاہ اور متحرک کیا جا سکے۔ اسد قیصر کے مطابق یہ احتجاج اور ہڑتال ملک گیر سطح پر ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخوا حکومت کے معاون خصوصی شفیع جان بھی اعلان کر چکے ہیں کہ 8 فروری 2026 کو پورے ملک میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی جس کے لیے تمام تر تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

Related Posts