آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے اوپن رائے شماری کے ذریعے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد منظور کرتے ہوئے راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو قائدِ ایوان منتخب کیا جو متوقع طور پر کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
راجہ فیصل ممتاز راٹھور راجہ ممتاز حسین راٹھور کے بیٹے ہیں، جو خود آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ ان کی والدہ، بیگم فرحت راٹھور، بھی آزاد کشمیر کی سیاسی شخصیت رہی ہیں اور پیپلز پارٹی کی ویمن ونگ کی صدر رہ چکی ہیں۔
راٹھور خاندان کو آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے سرکردہ اور بانی خانوادوں میں شمار کیاجاتا ہے جبکہ نومنتخب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور 11 اپریل 1978 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔
راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اپنی ابتدائی تعلیم راولپنڈی سے حاصل کی اور بعد میں انہوں نے یونیورسٹی آف پنجاب سے گریجویشن کیا۔ وہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے جنرل سیکریٹری سمیت دیگر سیاسی عہدوں پر بھی فائز رہے۔
پیپلز پارٹی قیادت نے حال ہی میں فیصل ممتاز رٹھور کو وزارتِ عظمیٰ کاامیدوار نامزد کیا تھا۔ ماضی میں وہ آزاد کشمیر کی اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں اور وزیر بجلی سمیت دیگر وزارتیں بھی سنبھال چکے ہیں۔
آج قائد ایوان کے طور پر انتخاب سے قبل ہی پیپلز پارٹی قیادت نے بجا طور پر یہ دعویٰ کیا تھا کہ فیصل ممتاز راٹھور اکثریت حاصل کرچکے ہیں اور حکومت سازی کیلئے ان کی پوزیشن بھی مضبوط ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








