غیرملکی سرمایہ کاری میں زبردست اضافہ، دیکھئے کون سے ممالک نے کن شعبوں میں پیسہ لگایا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

اسٹیٹ بینک آف پاکستان، فائل فوٹو

ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے اعدادوشمار میں اکتوبر کے دوران نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جہاں سالانہ بنیادوں پر سرمایہ کاری میں 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس دوران چین پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک رہا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر میں FDI کا حجم 179 ملین ڈالر تک پہنچا، جو گزشتہ برس اکتوبر کے 146 ملین ڈالر کے مقابلے میں واضح اضافہ ہے۔

تاہم ماہانہ بنیادوں پر صورتحال مختلف رہی۔ ستمبر کے 186 ملین ڈالر کے مقابلے میں اکتوبر میں FDI میں 4 فیصد کمی واقع ہوئی اور حجم گھٹ کر 179 ملین ڈالر رہ گیا۔

مجموعی طور پر جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر 2025) میں مجموعی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 748 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1.011 ارب ڈالر کے مقابلے میں 26 فیصد کم ہے۔

سرمایہ کاری کے شعبہ وار اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری مالیاتی بزنس میں ہوئی، جہاں 80 ملین ڈالر کی FDI ریکارڈ کی گئی۔

اس کے بعد بجلی کے شعبے میں 53 ملین ڈالر، برقی مشینری و آلات میں 7 ملین ڈالر، پیٹرولیم ریفائننگ میں 6 ملین ڈالر، ٹرانسپورٹ آلات میں 5 ملین ڈالر، الیکٹرانکس میں 3 ملین ڈالر، تجارت میں ایک ملین ڈالر، خوراک کے شعبے میں 3 ملین ڈالر اور ٹیکسٹائل میں 4 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے، جبکہ دیگر شعبوں میں مجموعی طور پر 28 ملین ڈالر کی FDI ریکارڈ کی گئی۔

ملکی سطح پر اکتوبر میں چین 62 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ سرفہرست رہا۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات نے 36 ملین ڈالر، سوئٹزرلینڈ اور ہالینڈ نے 17، 17 ملین ڈالر، جنوبی کوریا نے 8 ملین ڈالر، بحرین نے 5 ملین ڈالر، ملائشیا نے 3 ملین ڈالر اور دیگر ممالک نے مجموعی طور پر 32 ملین ڈالر پاکستان میں سرمایہ کاری کی۔

Related Posts