کل 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن، کس حلقے میں کون کامیاب ہوا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

بلدیاتی ضمنی انتخابات
(فوٹو: آن لائن)

لاہور: اتوار کے روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے سب سے زیادہ 12 نشستیں اپنے نام کرکے میدان مار لیا۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ نے قومی اسمبلی کی 5 میں سے 2 جبکہ 16 میں سے 10 صوبائی نشستوں پر میدان مارلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  مسلم لیگ (ن) نے 12، پیپلز پارٹی ،سنی اتحاد کونسل، استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ ق صوبائی اسمبلیوں کی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوئی ہے۔مسلم لیگ (ن) تحریکِ انصاف سے وزیر آباد کی نشست بھی چھیننے میں کامیاب ہوگئی۔

نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق گجرات میں چوہدری پرویز الٰہی کو مسلم لیگ ق کے موسیٰ الٰہی کے ہاتھوں شکست ہوگئی۔ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقے این اے 44 سے علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین فاتح قرار پائے ہیں۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 8 باجوڑ میں اپ سیٹ ہوگیا، آزاد امیدوار مبارک زیب جیت گئے ، جبکہ پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار گل ظفر خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مبارک زیب باجوڑ کی صوبائی نشست جیتنے میں کامیاب رہے۔

دوسری جانب قلعہ عبداللّٰہ سے پشتونخوا میپ اور خضدار میں بلوچستان نیشنل پارٹی آ گے رہی۔ لاہور سے شہباز شریف کی خالی کردہ نشست سے ن لیگ کے راشد منہاس نے سنی اتحاد کونسل کے یوسف میو کو شکست دے کر میدان مار لیا۔

شیخوپورہ سے مسلم لیگ ن کے رانا افضال حسین الیکشن جیت گئے، نارووال میں احسن اقبال کے بیٹے احمد اقبال کامیاب ہو چکے۔بھکر سے ن لیگ کے سعید اکبر نوانی نے آزاد امیدوار افضل ڈھانڈلہ کو شکست دے دی ہے۔

قنبر شہداد کوٹ کی بلاول بھٹو کی خالی کردہ نشست پر پیپلز پارٹی کے خورشید جونیجو کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے 91 ہزار 581 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابل تحریک لبیک کے محمد علی نے صرف 2763 ووٹ حاصل کر کے ضمانت ضبط کروا والی۔

 لسبیلہ سے مسلم لیگ ن اور قلعہ عبداللّٰہ سے پشتونخوا میپ کا امیدوار آگے ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے گزشتہ روز ہونے والی پولنگ کیلئے قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔

Related Posts