آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں آج دو نہایت اہم مقابلے شیڈول ہیں جن کے نتائج پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال پر گہرا اثر ڈال سکتے ہیں۔ شائقینِ کرکٹ کی نظریں ان میچز پر جمی ہوئی ہیں کیونکہ سیمی فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
پہلا مقابلہ سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جو دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
دوسرا اہم میچ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان احمد آباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں شام ساڑھے چھ بجے ہوگا۔ یہ مقابلہ بھی سپر ایٹ مرحلے کی درجہ بندی پر اثرانداز ہو سکتا ہے اور دونوں ٹیمیں فتح کے لیے بھرپور حکمتِ عملی کے ساتھ میدان میں آئیں گی۔
گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے باعث مقابلہ ممکن نہ ہو سکا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔ اس صورتحال کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل تک پہنچنے کی امیدیں اب باقی میچز کے نتائج سے جڑی ہوئی ہیں۔
اگر قومی ٹیم اپنے آئندہ دو میچوں میں سے ایک جیتتی ہے اور ایک ہارتی ہے تو اگلے مرحلے میں رسائی کا انحصار دیگر ٹیموں کی کارکردگی پر ہوگا تاہم اگر پاکستان دونوں میچز میں کامیابی حاصل کر لیتا ہے تو وہ کسی اور نتیجے کا انتظار کیے بغیر براہِ راست سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گا۔
سپر ایٹ مرحلہ فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکا ہے اور ہر میچ کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ آئندہ چند روز میں واضح ہو جائے گا کہ کون سی ٹیمیں ٹائٹل کی دوڑ میں برقرار رہتی ہیں اور کس کا سفر اختتام پذیر ہوتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








