پاکستانی اداکارہ کرن تعبیر نے اسکرین پر آنے سے بریک لے لیا، اس حوالے سے انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو آگاہ کیا۔
اداکارہ کرن تعبیر نے انسٹاگرام پر سوال جواب کے سیشن کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری جتنی شہرت دیتی ہے یہ اتنا ہی آپ سے سکون چھین لیتی ہے اور انہیں اپنا سکون بہت پیارا ہے۔

کرن تعبیر کا کہنا تھا کہ ابھی وہ اپنی زندگی سکون سے گزار رہی ہیں، شوبز کی دنیا بہت مصنوعی ہوتی ہے، وہ ڈپریشن کا شکار بناتی ہے، اس لیے ابھی وہ شوبز میں آنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نے لکھا کہ ایسا نہیں کہہ رہی کہ اب اداکاری نہیں کروں گی لیکن ابھی اسکرین پر واپس آنے کے لیے تیار نہیں ہوں۔
کرن تعبیر نے لکھا کہ کیریئر بنانے کے لیے لوگوں کو سر، سر اور میڈم میڈم کہنا پڑتا ہے اور پھر وہ لوگ خود کو خدا سمجھ بیٹھتے ہیں،شوبز میں نہ چاہتے ہوئے بھی آگے بڑھنے کے لیے دوسروں کے خراب رویے کو برداشت کرنا پڑتا ہے جبکہ لابی کا حصہ بننے کے لیے بکواس اور خراب چیزوں کو بھی اپنانا پڑتا ہے۔
کرن تعبیر نے لکھا کہ شوبز میں انسان اپنے لئے خوش رہنا اور جینا بھول جاتا ہے، بس ایک دوڑ لگی رہتی ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتی، کیونکہ کسی کی کامیابی ایک ڈرامے تک محدود نہیں رہتی۔ ایک کے بعد دوسرے کو حاصل کرنے کی جستجو لگی رہتی ہے، جس کے لیے پھر دوسروں کی چاپلوسی بھی کرنی پڑتی ہے۔
مزید پڑھیں:اداکارہ کرن تعبیر کے ہاں 12 سال بعد پہلی بار ننھے مہمان کی آمد
انہوں نے لکھا کہ وہ شخص پھر ہیرو یا ہیروئن بننے کے خواب نہ دیکھے، شوبز میں اگر کوئی یہ سب نہیں کرسکتا تو پھر اس کے لیے صرف سائیڈ رول ہی بچتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








