پاکستان کے معروف یوٹیوب چینل “مسٹر ہاؤ” کے اچانک غائب ہونے کی حقیقت آخرکار منظر عام پر آ گئی ہے،چینل کے خالق ملک حاجر نے ایک جذباتی الوداعی ویڈیو میں انکشاف کیا کہ ان کا یوٹیوب چینل مستقل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
یہ چینل، جو دو ملین سے زائد سبسکرائبرز، چھ سو سے زیادہ ویڈیوز، اور ڈیڑھ سو ملین سے زائد ویوز کا حامل تھا، اب یوٹیوب پر دستیاب نہیں رہا۔
ملک حاجر نے اپنی آخری ویڈیو میں کہاکہ مسٹر ہاؤ چینل مستقل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ یہ چھ سال کی محنت تھی۔ اسے کیوں ہٹایا گیا؟ وجہ واضح ہے، میں نے ناچ نہیں دکھایا۔
انہوں نے مزید کہاکہ میں اپنے گھر والوں کو نہیں دکھا سکتا تھا، نہ ہی تفریح پیش کر سکتا تھا۔ شاید کچھ لوگوں کو یہ بات بری لگی کہ پاکستان میں ڈیجیٹل تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ مجھے شہرت کی خواہش نہیں تھی۔ بہت سی غیر یقینی صورتحال تھی، کیسز تھے اور اہلِ خانہ کو دھمکیاں مل رہی تھیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ میں نے ہمیشہ آن لائن فراڈ، اسکیمرز اور غیر قانونی کاموں کے خلاف آواز اٹھائی جس کی بھاری قیمت چکانی پڑی۔
ملک حاجر نے کہاکہ میں نے کچھ نہیں کمایا، مجھے کوئی پچھتاوا نہیں۔ میں حرام کی کمائی نہیں چاہتا تھا۔ اگر کامیاب ہونا ہے، تو ناچو، اگر پیسہ، عزت اور شہرت چاہیے، تو اپنے خاندان کو ناچواؤ۔
واضح رہے کہ یوٹیوب اپنے کمیونٹی گائیڈ لائنز اور سروس کی شرائط پر سختی سے عمل کرتا ہے اور چینلز کو مختلف وجوہات کی بنا پر بند کیا جا سکتا ہے۔
بعض اوقات اگر کسی چینل کو غلطی سے رپورٹ کیا جائے یا جان بوجھ کر نشانہ بنایا جائے تو عوامی دباؤ اور مؤثر اپیل کے ذریعے یوٹیوب اپنے فیصلے پر نظرثانی کر سکتا ہے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








