بھارت کے معروف پلے بیک سنگر اریجیت سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ فلموں کے لیے پلے بیک گلوکاری کے نئے پراجیکٹس نہیں کریں گے، جس پر مداحوں اور میوزک انڈسٹری میں حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے پیغام میں اریجیت سنگھ نے برسوں کی محبت اور حمایت پر سامعین اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنے کریئر کو ایک “خوبصورت سفر” قرار دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ مین اسٹریم کی فلمی پلے بیک سنگنگ سے پیچھے ہٹ رہے ہیں، تاہم موسیقی کو مکمل طور پر خیرباد نہیں کہہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے سے کیے گئے معاہدے پورے کریں گے اور جو گانے پہلے ہی ریکارڈ ہو چکے ہیں وہ ریلیز بھی ہو سکتے ہیں۔

اریجیت سنگھ کے مطابق یہ فیصلہ ذاتی اور تخلیقی ترقی کی خواہش کے تحت کیا گیا ہے۔ انہوں نے کمرشل بالی ووڈ سسٹم سے ہٹ کر آزادانہ طور پر موسیقی کے تجربات کرنے اور ایک فنکار کے طور پر مزید سیکھنے میں دلچسپی کا اظہار کیا، بغیر اس دباؤ کے جو باقاعدہ فلمی کام کے ساتھ جڑا ہوتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








