شارجہ: تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے، جو کل 29 اگست سے شارجہ میں شروع ہو رہی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس سیریز میں افغانستان، پاکستان اور میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ سیریز آئندہ ماہ شیڈول ایشیا کپ کی تیاری کے طور پر نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے۔
گزشتہ برس افغانستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔ اس کارکردگی کے بعد ماہرین کرکٹ نے راشد خان کی قیادت میں افغان ٹیم کو اس بار کی سب سے مضبوط دعویدار قرار دیا ہے۔
سیریز کے دوران شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں 10 روز میں 7 میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف دو مرتبہ میدان میں اترے گی جبکہ ٹاپ ٹو ٹیمیں 7 ستمبر کو فائنل کھیلیں گی۔
اس کے فوراً بعد 9 ستمبر سے ایشیا کپ بھی متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا، جو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔
شارجہ کی سست پچز افغانستان کے لیے سب سے بڑا ہتھیار سمجھی جا رہی ہیں۔ افغان اسکواڈ میں 5 اسپنرز شامل کیے گئے ہیں۔
راشد خان اور مجیب الرحمان نے شارجہ میں شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے اور اب تک مجموعی طور پر 43 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کے علاوہ تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی اور نوجوان اسپنر نور احمد بھی حریف بیٹسمینوں کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








