وینس: اٹلی کے شہر وینس میں دنیا کے سب سے پرکشش اور شاندار فلمی میلوں میں سے ایک 82 واں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول شاندار انداز میں شروع ہوگیا ہے، جہاں ہالی ووڈ کے معروف ستارے ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئے۔
تقریب کا آغاز وینس کی مشہور فلوٹنگ سٹی میں ہوا اور پہلے ہی دن بڑی تعداد میں اداکار اور اداکارائیں اپنی فلموں کے پریمئرز کے لیے ریڈ کارپٹ پر پہنچ گئے۔
جارج کلوونی اور ان کی اہلیہ امل کلوونی اپنے لیک کومو ولا سے وینس آئے اور واٹر ٹیکسی کے ذریعے شاندار انٹری دی، جہاں امل کلوونی نے زرد رنگ کے خوبصورت لباس میں سب کی توجہ حاصل کرلی۔
آسٹریلوی اداکارہ کیٹ بلانشٹ بھی بلیک گاؤن میں ریڈ کارپٹ پر انتہائی شاندار نظر آئیں۔ اسی طرح ہنگری کی ماڈل باربرا پلوون نے بھی بلیک ڈریس کا انتخاب کیا۔
جرمن سپر ماڈل ہائیڈی کلوم اور ان کی بیٹی لینی کلوم نے متضاد اسٹائل کے ملبوسات کے ساتھ سب کی نگاہیں اپنی جانب مبذول کرلیں۔
فیسٹیول میں جلد ہی ہالی ووڈ کی عظیم اداکارہ جولیا رابرٹس بھی اپنی فلم آفٹر دی ہنٹ کے پریمئر کے لیے پہنچیں گی، جس کے ہدایتکار لوکا گواڈاگنینو ہیں۔
اس برس کے فیسٹیول میں دنیا کے چند بڑے فلم سازوں کی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی، جن میں گیولرمو ڈیل ٹورو کی فرینکینسٹائن ، کیتھرین بگلو کی اے ہاؤس آف ڈائنامائٹ ، یورگوس لانتھیموس کی بوگونیا، جم جارموش کی فادر مدر سسٹر برادر اور نوا بامباک کی جے کیلی شامل ہیں۔
یہ ستاروں بھرا میلہ 6 ستمبر تک جاری رہے گا جس دوران مزید دنوں تک ریڈ کارپٹ پر ہالی ووڈ کی چمک دمک دیکھی جا سکے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








