سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریکارڈ توڑ بارشوں کے بعد کئی دہائیوں کا بدترین سیلاب آیا ہے جس نے وادی کو شدید تباہی سے دوچار کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق صرف 24 گھنٹوں میں 380 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ پچاس برس کا ریکارڈ توڑ ہے۔
شدید بارشوں کے باعث آنے والے اچانک سیلابی ریلوں نے کئی پل اور سڑکیں بہا دیں، درجنوں مکانات اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد 41 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے بتایا ہے کہ وادی بھر میں انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس معطل کر دی گئی ہے جبکہ تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے تقریباً 10 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
بھاری بارشوں نے ہماچل پردیش اور بھارتی پنجاب کی صورتحال کو بھی مزید سنگین بنا دیا ہے، جہاں نشیبی علاقے اب بھی زیرِ آب ہیں۔
یہ غیر معمولی بارشیں نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ قریبی خطوں کے لیے بھی بڑے پیمانے پر مشکلات کا سبب بن رہی ہیں اور حکام نے مزید بارشوں اور ممکنہ نقصانات کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








