راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کی بانی کی بہن علیمہ خان کے خلاف ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ یہ وارنٹ عدالت کی جانب سے 14ویں مرتبہ جاری کیے گئے ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے آج کی سماعت کے دوران علیمہ خان اور ان کے وکیل کی مسلسل غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے علیمہ خان کے ساتھ ساتھ ان کے دو ضامنوں (گارنٹرز) کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
پراسیکیوشن کی جانب سے پیش ہوئے پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ جان بوجھ کر ٹرائل میں تاخیر پیدا کر رہی ہیں۔ وارنٹ جاری ہونے کے باوجود وہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہی ہیں اور بار بار التوا کی درخواستیں دے کر عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پراسیکیوٹر نے مزید بتایا کہ مقدمہ اب آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور استغاثہ کے صرف دو گواہوں پر جرح باقی ہے مگر ملزمہ کی عدم تعاون کی وجہ سے سماعت میں تاخیر ہو رہی ہے۔
عدالت نے پولیس کو وارنٹ پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل (24 فروری) تک ملتوی کر دی ہے۔
یہ مقدمہ 26 نومبر کو تھانہ صادق آباد میں درج احتجاجی مظاہرے سے متعلق ہے جس میں دہشت گردی کے قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ علیمہ خان کی بار بار غیر حاضری کی وجہ سے عدالت نے متعدد بار سخت اقدامات اٹھائے ہیں، مگر اب تک گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








