میرا یوٹیوب چینل کیوں نہیں چل رہا! مایوس یوٹیوبر نے لاکھوں روپے مالیت کا ڈیجیٹل سٹوڈیو نذر آتش کر دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارتی ریاست جھارکھنڈ سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 27 سالہ نوجوان ویدھایک پرجاپتی نے اپنے یوٹیوب چینل کی ناکامی پر مایوسی کے عالم میں اپنے سٹوڈیو کو نذر آتش کردیا۔

اطلاعات کے مطابق ویدھایک نامی شخص گزشتہ کئی ماہ سے یوٹیوب پر ویڈیوز اپ لوڈ کر رہا تھا لیکن اسے مطلوبہ سبسکرائبرز اور ویوز حاصل نہیں ہو سکے جس پر وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق ویدھایک نے اپنی آبائی زمین بیچ کر تقریباً 10 لاکھ روپے (ایک ملین روپے) کا جدید فلمی ایڈیٹنگ اور ڈیجیٹل سٹوڈیو بنایا تھا لیکن چینل کی ترقی نہ ہونے کے سبب وہ شدید ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار ہو گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق ایک ہفتے تک تنہائی میں رہنے کے بعد ہفتہ کی رات تقریباً 10 بجے اس نے خود کو اسٹوڈیو میں بند کرکے آگ لگا دی۔ اسٹوڈیو میں موجود سامان جل کر راکھ ہو گیا جس کی کل مالیت 10 لاکھ روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔

آگ لگنے سے پیدا ہونے والے دھوئیں نے گھر کے دیگر حصوں میں بھی پھیلاؤ پیدا کر دیا جس پر خاندان کے افراد چیخنے لگے۔ پڑوسیوں اور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گھر کی ایک دیوار توڑ کر خاندان کے افراد کو محفوظ نکالا۔ اس دوران ویدھایک پرجاپتی اسٹوڈیو کی پیچھے والی دیوار سے کود کر فرار ہو گیا۔

یوٹیوبر کے اہلخانہ اور مھلے والوں نے کافی تگ و دو کے بعد اسے تلاش کیا اور اسے ایک ذہنی صحت کے مرکز میں داخل کروا دیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

Related Posts