کراچی کے شہریوں کو آج بروز پیر 4 اگست 2025 کو بجلی اور پانی کے دونوں محاذوں پر مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کے،الیکٹرک کی جانب سے بن قاسم کلسٹر کے تحت آنے والے دھابیجی گرڈ اور سب اسٹیشن پر ضروری مرمت اور دیکھ بھال کی جائے گی۔
واٹر کارپویشن کے ترجمان نے بتایا کہ یہ بجلی کی بندش صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک، یعنی کل 9 گھنٹوں تک جاری رہے گی۔ اس دوران شہر کو پانی کی فراہمی میں 100 ملین گیلن تک کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے جس سے لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، بن قاسم، ڈی ایچ اے، اور نارتھ ناظم آباد جیسے علاقوں میں پانی کی ترسیل متاثر ہوگی۔
اس وقت کراچی کو روزانہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق، مرمتی کام کے دوران کم از کم 550 ملین گیلن پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ شہریوں کو کم سے کم تکلیف اٹھانی پڑے۔
یہ شٹ ڈاؤن کے-الیکٹرک کے ڈپٹی جنرل منیجر برائے گرڈ سسٹم آپریشنز کی باضابطہ درخواست پر عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ترجمان نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ پانی کا استعمال کفایت شعاری سے کریں، غیر ضروری ضیاع سے بچیں اور اس عارضی صورتحال میں حکام کے ساتھ تعاون کریں تاکہ حالات کو بہتر طور پر سنبھالا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








