پاکستان تحریکِ انصاف کے حامی سوشل میڈیا صارفین نے پی ٹی آئی کے سابق رہنما شیرافضل مروت کو مبینہ طور پر گالیاں دیں اور شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جس کی وجوہات سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کیلئے موجودہ وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو برا بھلا کہنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شریف برادران نے مجھے کبھی جواب نہیں دیا، البتہ پی ٹی آئی نے مجھے جواب دے دیا۔
گفتگو کے دوران شیر افضل مروت نے کہا کہ میں نے تحریکِ انصاف کیلئے شریف برادران کو برا بھلا کہا، لیکن ان میں سے کسی نے جواب نہیں دیا، تاہم پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا گالم گلوچ کررہا ہے۔ افسوس ہے کہ میں نے پی ٹی آئی کیلئے ان جیسے لوگوں کو برا بھلا کہا۔ میں نے کبھی کوئی خفیہ ملاقاتیں اور رابطے نہیں کیے۔
سابق پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ فی الحال میں کسی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں لیکن یہ تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ میں تحریکِ انصاف میں رہوں۔ ابھی ایسی پوزیشن ہے کہ جو اچھا لگے، اس کی تعریف اور جو برا لگتا ہے اس کو برا کہتا ہوں۔
اس سے قبل رکن اسمبلی کی حیثیت سے شیر افضل مروت نے وزیراعظم شہباز شریف کی نشست پر جا کر مصافحہ کیا جس پر شہباز شریف نے نواز شریف سے ان کی ملاقات اور تعارف کروادیا۔ یہی نہیں، بلکہ شیر افضل مروت نے بلاول بھٹو کی نشست پر جا کر ان سے بھی ہاتھ ملایا اور ایک ٹی وی شو کے دوران نواز شریف کے ظرف کی تعریف بھی کرڈالی تھی۔
شاید یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کے حامی سوشل میڈیا صارفین شیر افضل مروت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور انہیں سوشل میڈیا پر بقول خود شیر افضل مروت کے، گالیاں بھی دی جارہی ہیں اور نامناسب زبان کا استعمال بھی کیا جارہا ہے جو شیر افضل مروت جیسے عمران خان کے ماضی میں زبردست حامی کہلانے والے رہنما کیلئے ناقابل قبول ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








