معروف بالی وڈ اداکار و پروڈیوسر کمال رشید کو کیوں گرفتار کیا گیا؟ اہم وجوہات سامنے آگئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ بھارتی میڈیا)

مشہور بالی وڈ اداکار، پروڈیوسر اور سوشل میڈیا پر متنازع بیانات کے لیے جانے جانے والے کمال رشید خان المعروف کے آر کے کو ممبئی پولیس نے فائرنگ کے ایک واقعے کے سلسلے میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ گرفتاری ہفتے کو عمل میں لائی گئی جب تحقیقات کے دوران ان کا نام اس کیس میں سامنے آیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک تجزیے اور ابتدائی تفتیش کے بعد شواہد سے عندیہ ملا ہے کہ جس رہائشی عمارت میں فائرنگ کے نشانات پائے گئے وہاں ملنے والی گولیاں ممکنہ طور پر کے آر کے کی رہائش گاہ سے چلائی گئی تھیں۔ اسی بنیاد پر انہیں پہلے تفتیش کے لیے طلب کیا گیا اور بعد ازاں حراست میں لے لیا گیا۔

یہ واقعہ 18 جنوری کو ممبئی کے علاقے اوشیوارا (اندھیری ویسٹ) میں واقع نالاندا سوسائٹی میں پیش آیا تھا جہاں عمارت کے مختلف فلیٹس کے قریب دو فائر شدہ گولیاں برآمد ہوئیں۔ پولیس کے مطابق ایک گولی دوسری منزل جبکہ دوسری چوتھی منزل کے فلیٹ کے قریب ملی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان فلیٹس میں سے ایک میں ایک رائٹر و ڈائریکٹر جبکہ دوسرے میں ایک ماڈل رہائش پذیر ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران کے آر کے نے اعتراف کیا کہ فائرنگ ان ہی کی لائسنس یافتہ بندوق سے کی گئی تھی۔ ان کا مؤقف ہے کہ انہوں نے بندوق کی صفائی اور اس کی کارکردگی جانچنے کے لیے فائر کیا تھا اور ان کا مقصد کسی شخص کو نشانہ بنانا نہیں تھا بلکہ گولی ایک بنجر مقام یا درخت کی جانب چلائی گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت اور وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا عمل تاحال جاری ہے تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ فائرنگ حادثاتی تھی یا کسی غفلت یا قانون کی خلاف ورزی کا نتیجہ۔ پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والی بندوق بھی تحویل میں لے لی ہے جبکہ قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔

Related Posts