وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب میں ماحول دوست اقدامات کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے صوبے بھر میں اسمارٹ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کا آغاز کر دیا ہے جس کا پہلا مرحلہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں نافذ کیا جا رہا ہے۔
اس منصوبے کے تحت اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں پانچ مختلف رنگوں کے کوڑے دان نصب کیے جائیں گے تاکہ کچرے کو اس کی نوعیت کے مطابق الگ کیا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ میں ماحول کے تحفظ کا شعور اجاگر کرنا اور ری سائیکلنگ کو فروغ دینا ہے۔
کاروبار کیلئے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے؛ اپلائی کرنے کا طریقہ جان لیں
پروگرام کی نگرانی سینئر وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مریم اورنگزیب کریں گی جبکہ وزیر تعلیم رانا سکندر اور وزیر بلدیات ذیشان ملک اس کے عملی نفاذ کے ذمہ دار ہوں گے۔ تمام تعلیمی اداروں کو 30 ستمبر تک عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ یکم اکتوبر سے باقاعدہ معائنہ شروع ہوگا۔ جو ادارے اس ہدایت پر عمل نہ کر سکے، ان کے خلاف جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پانچ رنگوں کے کوڑے دان درج ذیل مقاصد کے لیے مخصوص ہوں گے؛
پیلا رنگ: کاغذ اور گتے کا کچرا
سبز رنگ: بوتلیں، شیشے کے ٹکڑے اور لیبارٹری کا فضلہ
سرمئی رنگ: نامیاتی مواد جیسے پھلوں کے چھلکے، بچا ہوا کھانا، پتے، خراب سبزیاں
سرخ رنگ: دھاتی فضلہ
نارنجی رنگ: پلاسٹک کا کچرا
جمع شدہ کچرا ری سائیکلنگ کے لیے بھیجا جائے گا، جس کا مقصد زمین بھرنے والے کچرے کی مقدار کو کم کرنا اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ تعلیمی ادارے 1139 پر پنجاب مینجمنٹ ہیلپ لائن سے رابطہ کر کے کچرا اٹھانے کا شیڈول بھی طے کر سکتے ہیں۔
اس منصوبے کی لاجسٹک ضروریات کو محکمہ بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پورا کرے گا جبکہ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی نگرانی اور عملدرآمد کی ذمہ دار ہوگی۔ وہ تعلیمی ادارے جو ان ہدایات پر مکمل عمل کریں گے انہیں ای پی اے کی جانب سے سرکاری اسناد بھی دی جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








