ملک کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں مبینہ طور پر شوہر نے بیوی کو زندہ جلا دیا ہے، جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ فیصل آباد کے علاقے گٹ والا میں پیش آیا۔ پولیس نے خاتون کے قتل کے شبے میں شوہر کو گرفتار کرلیا۔ جاں بحق خاتون کی شناخت ثمینہ کے نام سے ہوئی، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
جسم کا بیشتر حصہ جھلس جانے کے باعث ثمینہ دورانِ علاج جانبر نہ ہوسکی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ روز جھگڑے کے دوران خاتون کے شوہر جاوید نے ثمینہ کو آگ لگا دی تھی۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دونوں کی شادی 3 سال قبل ہوئی تھی اور میاں بیوی کے مابین اکثر لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا تھا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ ملزم جاوید کے خلاف درج کرلیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے الائیڈ ہسپتال روانہ کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گھریلو ناچاقی کے باعث خواتین پر ظلم و تشدد کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل کا یہ واقعہ شوہر کے خاتون پر بہیمانہ تشدد اور ظلم و جبر کے باعث پیش آیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








