ٹوکیو: لاکھوں نفوس کی آبادی پر مشتمل جاپانی شہر اماگاساکی میں بیوی نے کئی ہفتوں تک روزانہ 100 بار کالز کرنے والے شوہر کو گرفتار کروا دیا ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق جاپانی پولیس نے 38سالہ شہری کو حال ہی میں گرفتار کیا، نفسیاتی الجھن کا شکار شخص پر الزام ہے کہ اس نے روزانہ کی بنیاد پر کئی ہفتوں تک اپنی بیوی کو ایک ہی روز میں درجنوں اور اکثر 100 بار کالز کیں۔
رپورٹ کے مطابق اماگاساکی کی رہائشی خاتون نے پولیس کو شکایت درج کروا دی، شوہر خاتون کو دن میں 100 سے زائد مرتبہ گمنام نمبروں سے کال کیا کرتا تھا اور جب تک فون بند نہ ہوجاتا، اس وقت تک مسلسل کالز کرتا تھا۔ 31سالہ خاتون کالز سے گھبراگئیں۔
بظاہر نامعلوم شخص کی جانب سے موصول ہونےو الی کالز کا سلسلہ دراز ہوگیا تھا۔ خاتون نے شکایت کی کہ ان کا شوہر اس وقت تک خاموش رہتا تھا جب تک کہ اہلیہ مایوسی کے باعث فون بند نہ کردیتی اور فون کالز کا یہ سلسلہ چند روز تک نہیں بلکہ کئی ہفتوں تک جاری رہا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ کالز ہمیشہ گمنام فون نمبرز سے آتی تھیں، اس لیے ان کو بلاک کرنا ممکن نہیں تھا۔ زیادہ تر ملزم خاتون کو درجنوں بار کالز کیا کرتا تھا، لیکن بعض اوقات دن میں 100 سے زائد بار کالز آجاتی تھیں، جس سے خاتون کو سخت کوفت اور تشویش لاحق تھی۔
ایک رات خاتون اپنے شوہر کے فون پر ویڈیو گیم کھیل رہی تھی جب اسے احساس ہوا کہ جب وہ شوہر کے ساتھ ہوتی ہے تو ان کو کوئی گمنام فون کال موصول نہیں ہوتی۔ خاتون نے پولیس کو اپنے شبے سے آگاہ کردیا، آخر کار پولیس نے تحقیقات کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








