سپر ایٹ میں جائے گا یا واپس گھر آئے گا؟ پاکستان اور نمیبیا کے درمیان فیصلہ کن میدان آج سجے گا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران پاکستان آج نمیبیا کے خلاف ایک انتہائی اہم میچ کھیل رہا ہے جو اس کی سپر ایٹ میں جگہ بنانے یا باہر ہونے کے امکانات کا تعین کرے گا۔ گرین شرٹس کے لیے یہ میچ ڈو اور ڈائی کی نوعیت رکھتا ہے کیونکہ پہلے راؤنڈ میں شکست کا مطلب ورلڈ کپ سے ایلیمنیٹ ہونے کے قریب ہونا ہے۔

پاکستان نے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف ہار کا سامنا کیا تھا جبکہ امریکا نے نمیبیا اور نیدرلینڈز کے خلاف شاندار فتحیں حاصل کی ہیں جس سے پاکستانی ٹیم کے لیے حالات کافی مشکل ہو گئے ہیں۔ اب کسی بھی غلطی کا بھرپور خمیازہ بھگتنا پڑ سکتا ہے اور اپ سیٹ کے امکانات پاکستان کو ایلیمنیٹ کر سکتے ہیں۔

میچ کولمبو کے میدان میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے شروع ہوگا۔ قومی کھلاڑیوں نے میچ سے قبل بھرپور پریکٹس کی ہے اور گزشتہ میچ کی خامیوں کو درست کرنے پر زور دیا ہے۔ قومی ٹیم میں آج چند تبدیلیاں متوقع ہیں اور تیز گیندباز شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم سے باہر رکھنے کا امکان ہے۔ اسپنر عثمان طارق نے پری میچ پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم پر کسی قسم کا دباؤ نہیں اور مقصد صرف ورلڈ کپ جیتنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کولمبو میں میچ کے دوران بارش کا 50 سے 60 فیصد امکان ہے اور 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان بھی ہے جس سے کھیل کے دوران حالات بدل سکتے ہیں۔ اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان صرف ایک ٹی 20 میچ کھیلا گیا ہے جو پاکستان نے 45 رنز سے جیتا تھا۔

واضح رہے کہ سپر ایٹ کے لیے سات ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں۔ گروپ اے سے بھارت، گروپ بی سے سری لنکا اور زمبابوے، گروپ سی سے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ اور گروپ ڈی سے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ اگلے مرحلے کے لیے منتخب ہو چکے ہیں۔ حیران کن طور پر آسٹریلیا پہلے راؤنڈ میں ہی ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا تھا۔

Related Posts