عید پر گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہوگا؟ پنجاب میں 31 مئی تک ہیٹ ویو کی وارننگ

تازہ ترین

تازہ ترین

Met Office issues heatwave warning for parts of Pakistan
(فوٹو؛ فائل)

پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 25 مئی سے 31مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اس عرصے میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے جبکہ شمالی پنجاب کے علاقوں میں پارہ 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اتھارٹی نے بتایا ہے کہ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور اور فیصل آباد سمیت مختلف اضلاع میں گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

اسی طرح جنوبی اور وسطی پنجاب کے اضلاع جیسے ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور میانوالی میں بھی شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی کی گئی ہے جہاں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

نبیل جاوید نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران ہر صورت ہائی الرٹ رہیں اور صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے۔

پی ڈی ایم اے نے کسانوں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی فصلوں اور مویشیوں کو گرمی کے ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کریں جبکہ ریسکیو 1122 کو ہیٹ اسٹروک اور ڈی ہائیڈریشن کے کیسز سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

حکام نے مزید ہدایت کی ہے کہ شہری علاقوں میں ریلیف کیمپس قائم کیے جائیں جن میں صاف پانی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات موجود ہوں۔

Related Posts