مہنگا ہوگا یا سستا ؟جمعہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کیا جائے گا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت جمعہ کے روز پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کرے گی جبکہ اس حوالے سے درپیش چیلنجز پر بھی غور جاری ہے۔

ایک بیان میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے میں حکومت کو کئی مشکلات کا سامنا ہے جن میں عالمی منڈی کی صورتحال اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جس کے باعث مقامی سطح پر قیمتوں کے تعین کا عمل مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔ حکومت عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کرے گی۔

دوسری جانب وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم لیوی میں مزید اضافے پر غور کیا جا رہا ہے جس کا مقصد ریونیو میں اضافہ اور آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنا بتایا جا رہا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی آمدنی پہلے ہی مقررہ سالانہ ہدف 1468 ارب روپے سے تجاوز کرنے کی طرف جا رہی ہے تاہم اس کے باوجود مزید اضافے کی تجاویز زیر غور ہیں۔

ذرائع کے مطابق حال ہی میں پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 27 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرولیم لیوی 107 روپے فی لیٹر سے بھی بڑھ چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر مزید اضافہ کیا گیا تو اس کا براہ راست اثر مہنگائی اور ٹرانسپورٹ اخراجات پر پڑ سکتا ہے۔

Related Posts