اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے لئے پاکستان کے دوبارہ انتخاب کو ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیاہے۔
بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کے انتخاب میں پاکستان کو ہر خطے کی حمایت حاصل تھی۔ انہوں نے کہا کہ بااثر اور اہم ممالک نے بھی پاکستان کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کے کردار کو تسلیم کررہی ہے،وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ووٹ پچھلے تین سالوں میں انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کی کارکردگی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس نازک وقت پر انسانی حقوق کونسل کا حصہ بننا ایک بڑی کامیابی ہے۔
ایشیاء پیسیفک گروپ میں 169 کے بڑے ووٹ کے ساتھ یکم جنوری 2021 کو شروع ہونے والے تین سال کے عرصے میں پاکستان کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلیٰ ادارے کے لئے منگل کو دوبارہ منتخب کیا گیا۔
193 رکنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے جنیوا میں قائم 47 رکنی ہیومن رائٹس کونسل کے 15 نئے ممبروں کے لئے انتخابات کا انعقاد کیا۔یہ پانچویں بار ہے جب پاکستان کونسل کے لئے منتخب ہوا ہے