حکومت ارشد ندیم کی انعامی رقم سے ٹیکس کاٹے گی یا نہیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

قومی اولمپک ہیرو ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم میں سے حکومت ٹیکس کاٹے گی یا نہیں، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جتنے منہ اتنی باتیں کے مصداق ہر طرح کی باتیں سننے کو اب مل رہی ہیں۔ اب اس حوالے سے ایف بی آر نے وضاحت کی ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واضح کیا ہے کہ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر کوئی ود ہولڈنگ ٹیکس نہیں لگے گا اور قومی ہیرو ارشد ندیم کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائیگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ممبر و ترجمان ایف بی آر بختیار محمد نے کہا کہ ارشد ندیم کوملنے والی انعامی رقم پرکوئی ٹیکس نہیں لگے گا،ارشد ندیم کو ملنے والے انعامات پر انکم یا ود ہولڈنگ ٹیکس کااطلاق نہیں ہوتا اور انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 156 میں اولمپکس انعامات پر ٹیکس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن156 میں صرف لاٹری، انعامی بانڈز،کوئز اور کمپنیوں کی جانب سے مارکیٹنگ کیلئے کروائی جانیوالی انعامی اسکیموں کے انعامات پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا ذکر ہے۔

ایف بی آر ترجمان نے کہا کہ اولمپیئن ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں، ان کے ساتھ ہرممکن تعاون کیاجائیگا۔

واضح رہے کہ قومی ہیرو کو شاندار کارکردگی دکھانے پر وفاقی ، پنجاب اور سندھ حکومت کی جانب سے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے، جس پر یہ افواہیں زیر گردش تھیں کہ ان انعامات پر مبینہ طور پر ٹیکس وصول کیا جائے گا لیکن ایف بی آر نے واضح کرتے ہوئے ان تمام بے بنیاد افواہوں کی تردید کر دی ہے۔

Related Posts