اتنا بڑا اضافہ عوام برداشت کرلیں گے؟ جانئے اس بار پٹرول کی قیمت کتنی بڑھانے کی تیاری ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

پٹرول قیمت میں اضافہ علامتی تصویر
علامتی تصویر

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے پوری قوم کی چیخیں نکلیں گی۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 55 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 75 روپے تک اضافے کی تجویز زیر غور ہے، جس نے عوام میں تشویش کی لہر پیدا کر دی ہے کیونکہ پہلے ہی مہنگائی کی شرح بلند سطح پر موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا آئندہ دو روز میں نئی قیمتوں کے تعین سے متعلق ورکنگ تیار کرے گا اور اسے پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گا۔ اس کے بعد حتمی منظوری کے لیے سمری وزیر اعظم شہباز شریف کو بھجوائی جائے گی۔ قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد سامنے آئے گا۔

حکومتی حلقوں کے مطابق، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ایک ہی بار کرنے کے بجائے مرحلہ وار کیا جا سکتا ہے، جس کے تحت دو ہفتوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا تاکہ عوام پر اچانک مالی بوجھ کم ڈالا جا سکے۔ ایک اور آپشن یہ بھی زیر غور ہے کہ حکومت سبسڈی دے کر قیمتوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھے، تاہم اس کا حتمی فیصلہ مالی گنجائش کے پیش نظر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھجوائی گئی تھی، لیکن حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 70 روپے 73 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ موجودہ صورتحال میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور دیگر معاشی عوامل کے باعث ایک بار پھر قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، جس پر حتمی اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

Related Posts