سروائیکل کینسر کی ویکسین نہ لگوانے والی خواتین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پیسوں سے محروم کردی جائیں گی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

فائل فوٹو

سوشل میڈیا پر سندھ حکومت کے فنانس ڈپارٹمنٹ کے نام سے ایک نوٹیفکیشن تیزی سے وائرل ہے، جس کے مطابق ایچ پی وی ویکسین نہ لگوانے والی خواتین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے پیسے نہیں ملیں گے۔

وائرل نوٹی فکیشن میں تمام بی آئی ایس پی (بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام) ڈائریکٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ جن مستفید خواتین نے ایچ پی وی ویکسینیشن نہیں لگوائی ان کی ادائیگیاں فوری طور پر روک دی جائیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ صرف ویکسین لگوانے والی خواتین کا نیا ڈیٹا جمع کیا جائے گا اور انہی کے اکاؤنٹس دوبارہ کھولے جائیں گے تاکہ بی آئی ایس پی کی رقوم بحال کی جا سکیں۔ مزید برآں اس حکم پر فوری عمل درآمد اور تعمیل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی درج ہے۔

وائرل فیک نوٹی فکیشن کا عکس

تاہم بی آئی ایس پی نے اس نوٹیفکیشن کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جعلی ہے اور اس کا مقصد قومی سطح پر جاری بچیوں کو کینسر سے بچانے والی ایچ پی ویکسینیشن مہم کو نقصان پہنچانا ہے۔

بی آئی ایس پی حکام کا کہنا ہے کہ ادارہ ایک وفاقی سطح کا پروگرام ہے اور کسی صوبائی حکومت یا محکمے کو اس کی رقوم روکنے یا مستحقین کی ادائیگیاں معطل کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔

اب کوئی نہیں بچے گا، سروائیکل کینسر ویکسینیشن کے متعلق پروپیگنڈا کرنے والوں کیخلاف کارروائی شروع

ترجمان بی آئی ایس پی نے واضح کیا کہ ایسی گمراہ کن اور نقصان دہ سرگرمیاں ناقابلِ قبول ہیں اور ان کی سخت مذمت کی جاتی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جھوٹے اور من گھڑت نوٹیفکیشنز پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر انحصار کریں۔

Related Posts