راولپنڈی : دیورنے پیسے نہ دینے پر بھابھی کو چھریاں مارکرقتل کردیا، ملزم فرار ہونے میں کامیاب، پولیس نے مقدمہ درج کرکے قاتل کی تلاش شروع کردی۔
تھانہ رتہ امرال کی حدود ہزارہ کالونی کے رہائشی عادل خان نے ایم ایم نیوزکوبتایا کہ بھینسوں کا کاروبار کرتا ہوں اور26اپریل کوبوقت سہ پہرتین بجے میں بھینسوں کے ڈیرے پر موجود تھا کہ میری بیوی کی مجھے فون کیاکہ راشد خان جو میرا حقیقی بھائی ہے وہ میری بیوی سے 30 ہزار روپے مانگ رہا ہے۔
میری بیوی نے پوچھا کہ کیا میں راشد خان کو پیسے دے دوں تو میں نے اپنی بیوی کو منع کیا کہ راشد خان کو پیسے نہیں دینے جب میری بیوی نے میرے بھائی کو پیسے دینے سے انکار کیا تو میرے بھائی نے میری بیوی کو چھریوں کے پے درپے وار کر کے زخمی کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی فون کال چل رہی تھی تو فون پر میں نے شور شرابے کی آواز سنی جس پرفوری طور پر گھر پہنچا تو دیکھا کہ میری بیوی زخمی حالت میں خون میں لت پت پڑی ہوئی ہے ۔جب میں اسے اسپتال لے کر پہنچا تو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے میری بیوی دم توڑ گئی ،ان کا کہنا ہےکہ میرے بھائی راشد خان نے صرف اس لئے میری بیوی کو قتل کیا کہ اس نے پیسے نہیں دیے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم راشد خان قتل کی واردات کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا ہے تاہم اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیاگیا اورملزم کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔