کراچی: ایکسپو سینٹر میں تنخواہ نہ ملنے پر ورکرز سراپا احتجاج ہیں، مظاہرین نے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا عمل معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر میں قائم سب سے بڑے ویکسینیشن سنٹر میں رجسٹریشن معطل کردی گئی۔ ورکرز 3 ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر احتجاج میں مصروف ہیں۔
کنٹریکٹ ملازمین نے کورونا ویکسین لگوانے کے خواہش مند شہریوں کی رجسٹریشن روک دی۔ ایکسپو سینٹر میں 300 ورکرز رجسٹریشن کے کام پر مامور ہیں۔
مظاہرین پلے کارڈز اٹھا کر ایکسپو سینٹر کے باہر احتجاج کرنے لگے۔ پلے کارڈز پر تنخواہیں دینے کے حق میں اور ویکسینیشن روکنے کے حوالے سے نعرے درج ہیں۔
سراپا احتجاج کارکنان کا ویکسینیشن کی رجسٹریشن روکنے کے بعد مظاہرہ جاری ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ تنخواہوں کی ادائیگی تک مزید کام نہیں کریں گے۔
ورکرز کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن کورونا کی روک تھام کیلئے جبکہ تنخواہوں کی ادائیگی ہمارے گھر کا چولہا جلانے کیلئے ضروری ہے۔ 3 ماہ سے جو تنخواہیں نہیں دی گئیں، ادا کی جائیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں ایکسپو سینٹر کے ویکسینیشن سینٹر میں ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی۔ سائنو ویک، کین سائنو اور سائنو فارم ویکسینز نایاب ہوگئیں۔
شہرِ قائد کے ایکسپو سینٹر میں قائم ویکسینیشن سینٹر کو ویکسین کی قلت کا سامنا رہا۔ ایکسپو سینٹر میں صرف ایسٹرا زینیکا ویکسین دستیاب تھی تاہم دیگر ویکسینز کی قلت دیکھی گئی۔
گزشتہ ماہ ایکسپو سینٹر کے ہال 3 اور 4 میں ویکسینیشن کیلئے آنے والے شہریوں کو ویکسین لگانے کا عمل جاری رہا۔ یومیہ 30 ہزار سے زائد ویکسین لگائی جاتی ہے۔ ویکسین کی طلب بڑھنے سے اس میں ایک دم کمی دیکھی گئی۔
مزید پڑھیں: کراچی، ایکسپو سینٹر کے ویکسینیشن سینٹر میں ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








