اسلام آباد:سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ کارکن سیلاب میں متاثرہ افراد کی آگے بڑھ کر خدمت کریں،حکومتوں کا انتظار نہ کریں۔جے یوآئی نیازی فتنے پر آنکھیں بند کرکے نہیں بیٹھ سکتی،قانون سازی کے حوالے سے حکومت کا بنیادی ہدف انتخابی اصلاحات اور نیب قوانین میں اصلاحات ہیں۔
مرکزی مجلس عمومی کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہمیں کہا گیا کہ کے پی میں مذہب کی جڑیں ختم کرنے کے لئے نیازی کو حکومت دی گئی،ہمارے اکابر نے فتنوں کا مقابلہ گھروں میں بیٹھ کر نہیں بلکہ میدان عمل میں کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ جو شخص کہے کہ اگر نیازی نمرود کو بھی کھڑا کرے تو میں اس کو بھی ووٹ دوں گا، اس قسم کی باتیں فتنے کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جے یوآئی نیازی فتنے پر آنکھیں بند کرکے نہیں بیٹھ سکتی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ علماء کی جماعت قرآن کریم کے دیئے گئے احکامات کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مجموعی سیاست میں تمام مسالک کے علماء متفق ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہماری جمہوریت کا تعین ہمارا آئین کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ افسر شاہی شرعی امور کو سنجیدہ لے،یہ ایک اسلامی ملک ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ نیب کی نظر میں ہر پاکستانی مجرم ہے، یہ مشرف کا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب اپنے وجود سے تاحال کرپشن کے خلاف کام کر رہا ہے لیکن کوئی نتیجہ نہیں آیا۔
مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ کرپشن میں صرف سیاستدانوں کا نام آتا ہے،کارکن سیلاب میں متاثرہ افراد کی آگے بڑھ کر خدمت کریں،حکومتوں کا انتظار نہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ سلمان رشدی کے ساتھ جو ہوا وہ امت مسلمہ کا رد عمل ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ سلمان رشدی کے خلاف سب سے پہلے آواز ہم نے 1988 میں اٹھائی۔ انہوں نے کہاکہ نیازی بتائے سلمان رشدی پر امریکہ میں ہونے والے حملے کو یہاں بلا جواز قرار دینا کس کے اشارے پر ہے؟۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ مملکت کی حکمرانی عوام کی تائید سے ہو لیکن طریقہ حکمرانی قرآن وسنت کی روشنی میں ہو۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ قانون سازی کے حوالے سے حکومت کا بنیادی ہدف انتخابی اصلاحات اور نیب قوانین میں اصلاحات ہیں۔
مزید پڑھیں:وزیر اعظم نے اوور بلنگ کی عوامی شکایات کا نوٹس لے لیا، حکام سے بازپرس
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








