چین میں کھیلوں کا عالمی میلہ سج گیا؛ پاکستانی کھلاڑی سے تمغوں کی امیدیں بڑھ گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

چین کے خوبصورت شہر چینگ ڈو میں 12ویں عالمی گیمز 2025 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا جو 17 اگست تک جاری رہیں گے۔ یہ عالمی میلہ 34 کھیلوں کے 60 ڈسپلنز میں 253 تمغوں کے حصول کے لیے مقابلوں سے بھرپور ہوگا۔ دنیا بھر سے 116 ممالک اور خطوں کے 6,679 ایتھلیٹس اور آفیشلز اس عظیم الشان ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

عالمی گیمز کی افتتاحی تقریب چینگ ڈو کے انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی، جہاں مقامی فنکاروں نے اپنے دل کش فن پاروں سے شائقین کے دل موہ لیے۔ رنگ برنگے ثقافتی پروگرامز اور شاندار پرفارمنس نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔

تقریب کے دوران مختلف ممالک کے ایتھلیٹس نے اپنے قومی پرچم بلند کیے اور پرجوش مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ شائقین نے تالیوں سے کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔ اختتام پر شاندار آتش بازی کے مظاہرے نے آسمان کو جگمگا دیا، جس نے سب کو مسحور کر دیا۔

عالمی گیمز کی تاریخ میں پہلی بار ٹارچ ریلے کا اہتمام کیا گیا، جو اس ایونٹ کی شان میں اضافہ کر گیا۔ تقریب کے دوران انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی)، انٹرنیشنل ورلڈ گیمز ایسوسی ایشن، میزبان ملک چین اور آرگنائزنگ کمیٹی کے جھنڈے بلند کیے گئے۔ اگرچہ کچھ مقابلے 6 اگست سے شروع ہو چکے تھے، لیکن جمعرات کو رسمی تقریب نے گیمز کا باقاعدہ آغاز کیا۔

پاکستان کی ٹیم اسنوکر اور اسکواش میں تمغوں کی مضبوط امیدوار ہے۔ اسنوکر میں عالمی چیمپئن محمد آصف جبکہ اسکواش میں ناصر اقبال اور نور زمان اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ پاکستانی شائقین کو اپنے کھلاڑیوں سے بڑی امیدیں ہیں۔

یہ عالمی گیمز نہ صرف کھیلوں کا عظیم میلہ ہیں بلکہ مختلف ثقافتوں کے ملاپ اور عالمی یکجہتی کا بھی ایک شاندار موقع ہیں۔ چینگ ڈو میں جاری یہ ایونٹ دنیا بھر کے کھیلوں کے شائقین کے لیے ایک ناقابل فراموش تجربہ ثابت ہوگا۔

Related Posts