دنیا کی سب سے بڑی معلوماتی ویب سائٹ وکی پیڈیا کی مقبولیت خطرے کی زد میں آ گئی ہے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران وکی پیڈیا پر آنے والے صارفین کی تعداد میں تقریباً 8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اور اس کی سب سے بڑی وجہ بن گئی ہے آرٹیفیشل انٹیلیجنس سرچ سسٹمز اور ویڈیو بیسڈ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اب صارفین معلومات حاصل کرنے کے لیے براہِ راست AI سرچ نتائج اور ویڈیو کلپس پر انحصار کر رہے ہیں، جس کے باعث وکی پیڈیا جیسی ویب سائٹس پر جانا کم ہوتا جا رہا ہے۔
وکی پیڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ مئی اور جون کے دوران ان کے مشاہدے میں آیا کہ ویب سائٹ کا بڑا حصہ انسان نہیں بلکہ خودکار بوٹس استعمال کر رہے تھے، جس سے اصلی انسانی وزٹس میں نمایاں کمی ریکارڈ ہوئی۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اب سرچ انجنز سوال کا براہِ راست جواب فراہم کر دیتے ہیں، جس کی وجہ سے لوگ وکی پیڈیا پر کلک کرنے کی زحمت نہیں کرتے۔
اسی دوران نوجوان نسل نے معلومات کے لیے یوٹیوب، انسٹاگرام ریلس اور ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارمز کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے، جہاں انہیں مختصر ویڈیوز میں تیز اور آسان معلومات مل جاتی ہیں۔
اگرچہ وکی میڈیا فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ لوگ اب بھی وکی پیڈیا کا مواد مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے پڑھ رہے ہیں، لیکن ویب سائٹ پر براہِ راست آنے والوں میں کمی سے رضاکار مصنفین اور عطیات دینے والے صارفین کی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں، جو وکی پیڈیا کے آپریشنز کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
ادارے نے اس رجحان سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات شروع کیے ہیں، جن میں معلومات کے ذرائع کو مزید واضح کرنا، مواد کی مستندیت بڑھانا، اور نئے قارئین تک پہنچنے کے لیے خصوصی ڈیجیٹل ٹیمیں تشکیل دینا شامل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








