وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کا ایک اہم اقدام اٹھایا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے تمام رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالکان کو 2200 روپے کی خصوصی مالی امداد دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں فی الحال تقریباً 14 سے 16 لاکھ رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں ہیں۔ یہ سبسڈی اسکیم ان تمام مالکان کیلئے ہوگی اور اس کے اخراجات مکمل طور پر صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔
انہوں نے وفاقی حکومت کی پالیسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عام آدمی پر پیٹرول بم گرانے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکام عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی لائیں اور اہم فیصلوں میں صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے مزید یقین دہانی کرائی کہ بی آر ٹی (بس ریپڈ ٹرانزٹ) سسٹم کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، تاکہ روزمرہ کے مسافر متاثر نہ ہوں۔
یہ مالی امداد موٹر سائیکل مالکان تک کس طرح پہنچائی جائے گی مثلاً بینک اکاؤنٹس کے ذریعے، شناختی کارڈ کی بنیاد پر، یا احساس پروگرام کی طرز پر اس کی مکمل طریقہ کار اور تقسیم کا شیڈول جلد ہی جاری کیا جائے گا۔
یہ اقدام پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث عوام میں بڑھتے غم و غصے کو کم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے خاص طور پر ان لوگوں کیلئے جو روزگار اور روزمرہ آمدورفت کے لیے موٹر سائیکل پر انحصار کرتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








