سپر مارکیٹ کے افتتاح کی تقریب میں بدترین ہنگامہ آرائی، ڈنڈا برداروں نے دھاوا بول دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو اسکرین گریب

کراچی میں ایک سپرمارکیٹ کا افتتاح شدید بد نظمی کا شکار ہوگیا، مفت اشیا کا اعلان سن کر عوام کا ہجوم امڈ آیا جو کنٹرول سے باہر ہوگیا اور سارا پروگرام ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نجی مارٹ کے افتتاح کے بعد ڈنڈا بردار افراد نے دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کی، انتظامیہ کی جانب سے ہجوم دیکھ کر مال کے دروازے بند کرنے کے بعد عوام مشتعل ہو گئے۔

نجی شاپنگ سینٹر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سیل لگائی گئی تھی، واقعے کے دوران پولیس غائب رہی بعدازاں مارٹ انتظامیہ کی جانب سے پولیس کو طلب کرلیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا کےمطابق مارٹ کے بند ہونے کی وجہ سے کچھ شرانگیز متحرک ہوئے جنہوں نے پتھراؤ کی کوشش بھی کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مال انتظامیہ کی جانب سے پہلے آگاہ نہیں کیا گیا تھا مجمعے کو کنٹرول کر لیا ہے، ہنگامہ آرائی سے گلستان جوہر اور رابعہ سٹی کے اطراف میں شدید ٹریفک جام، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

واضح رہے کہ مال انتظامیہ کی جانب سے تقریب کی پروموشن کی گئی تھی اور سیل لگائی گئی تھی جس کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد پہنچی اور صورتحال کنٹرول سے باہر ہوگئی۔

Related Posts