کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک خاتون کی والدہ پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد پولیس متحرک ہو گئی۔ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے پر شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا جس کے بعد اعلیٰ حکام نے فوری نوٹس لیا۔
سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ کی ہدایت پر واقعے کی تحقیقات شروع کی گئیں اور کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی درخواست اور سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمہ درج کرکے باضابطہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق مقدمہ عوامی کالونی تھانے میں ملزم مطلوب حسین کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ گرفتار شخص سے پوچھ گچھ جاری ہے جبکہ واقعے میں شامل دیگر افراد کی تلاش کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس نے یقین دلایا ہے کہ اس واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








