سیول: پاکستان کے قومی جیولن تھرو ایتھلیٹ یاسر سلطان نے جنوبی کوریا میں جاری ایشین تھروئنگ چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
یاسر سلطان نے ایونٹ میں چھٹی باری پر بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 77اعشاریہ 43 میٹر تھرو کیا جس کی بدولت وہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
ان کی پہلی اور پانچویں باری فاؤل قرار پائی تاہم دوسری باری میں انہوں نے 75اعشاریہ 79 میٹر، تیسری میں 72اعشاریہ 57 میٹر اور چوتھی باری میں 72اعشاریہ 88 میٹر تک نیزہ پھینکا۔
فیصلہ کن چھٹی باری میں شاندار کارکردگی دکھا کر انہوں نے پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ یقینی بنایا۔
یاسر سلطان اس ایونٹ میں پاکستان کی واحد نمائندگی کر رہے تھے اور ان کی یہ کامیابی ملک کے لیے ایک اہم سنگ میل سمجھی جا رہی ہے۔
کھیلوں کے حلقوں نے اس کامیابی کو نوجوان ایتھلیٹ کی محنت، جذبے اور عزم کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ جیولن تھرو اسٹار ارشد ندیم فٹنس مسائل کے باعث اس ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکے۔
تکلیف کے باعث معالجین نے انہیں سخت تربیت سے روکا جس کی وجہ سے انہیں سوئٹزرلینڈ میں شیڈول مقابلے سے بھی دستبردار ہونا پڑا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ اب ان کی تمام توجہ رواں سال ستمبر میں جاپان کے شہر ٹوکیو میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ پر مرکوز ہے۔
اس کامیابی کے بعد کھیلوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جیولن تھرو جیسے ایونٹس میں نوجوان کھلاڑیوں کو سہولیات اور تربیت فراہم کی جائے تو وہ عالمی سطح پر مزید فتوحات حاصل کر سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








