یوم معرکہ حق! 10 مئی اب تاریخی دن بن گیا؛ وزیر اعظم شہباز شریف کا اہم اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 10 مئی کو اب ہر سال معرکہ حق کے نام سے یاد کیا جائے گا اور اس دن کو قومی سطح پر جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔یہ اعلان پاکستان مونومنٹ پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کے دوران کیا گیا۔

اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے صدرِ مملکت، نائب وزیر اعظم، فیلڈ مارشل، ایئر چیف، نیول چیف، وفاقی وزرا، کابینہ اراکین، مختلف ممالک کے سفیروں اور شہدا کے اہل خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے اس معرکے کو کامیابی اور فتح میں بدلا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے تاہم پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس واقعے کی شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش بھی کی مگر اس کے باوجود مخالف فریق نے رات کی تاریکی میں شہری آبادی اور مساجد کو نشانہ بنا کر جارحیت کی ابتدا کی جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت آج تک پہلگام واقعے سے متعلق کسی بھی الزام کا کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکا جو اس کے دعوؤں کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔

وزیر اعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت کو تاریخ میں سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے سپہ سالار کو سلام پیش کرتی ہے اور پاک فوج کی بہادری، خصوصاً فتح میزائل کی مؤثر کارروائیوں نے دشمن کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔

انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک فضائیہ کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کی برتری کے دعوؤں کو بے نقاب کر دیا۔ اسی طرح نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر سعودی عرب، ترکیہ، چین سمیت دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان ممالک نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم سفارتی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق اگر دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ طویل ہو جاتی تو اس کے نتائج انتہائی خطرناک ہو سکتے تھے۔

Related Posts