نوجوان لڑکی کو بھیڑیوں کے چنگل سے بچایا! فوڈ ڈیلیوری رائیڈر سوشل میڈیا پر چھا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

راولپنڈی کے علاقے بحریہ ٹاؤن فیز 7 میں ایک فوڈ ڈیلیوری رائیڈر نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ایک نوجوان لڑکی کو مبینہ جنسی حملے سے محفوظ بنایا۔ یہ واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا اور حکام اور عینی شاہدین نے اس کی تصدیق کی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کے مطابق فوڈ پانڈا سے وابستہ رائیڈر بشارت حسین علاقے سے گزر رہے تھے کہ اچانک انہوں نے ایک لڑکی کی مدد کے لیے پکارنے کی آواز سنی۔ آواز سنتے ہی وہ فوری طور پر موقع پر پہنچے، جہاں ان کے مطابق دو افراد لڑکی پر مبینہ طور پر جنسی حملہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

رائیڈر نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے مداخلت کی اور لڑکی کو محفوظ بنانے کی کوشش کی۔ اس دوران انہوں نے قریبی افراد کو بھی مدد کے لیے بلایا جس کے بعد دونوں مشتبہ افراد کو قابو میں لے لیا گیا بعد ازاں انہیں پولیس کے حوالے کردیا گیا جبکہ مقامی شہریوں نے بھی اس کارروائی میں تعاون کیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں رائیڈر کے اس اقدام کو بھرپور سراہا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں جہاں اکثر لوگ خاموش رہ جاتے ہیں وہاں ایک عام ڈیلیوری رائیڈر کا یہ قدم غیر معمولی جرات کی مثال ہے۔ ایک شہری کے مطابق انہوں نے نہ صرف لڑکی کو بچایا بلکہ یہ بھی ثابت کیا کہ عام افراد بھی مشکل وقت میں غیر معمولی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

فوڈ پانڈا انتظامیہ نے بھی ان کی اس بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں نقد انعام اور موبائل فون دیا ہے۔ ساتھ ہی شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے محنت کش رائیڈرز کو مزید تحفظ اور سہولتیں دی جائیں جو روزگار کے ساتھ خطرناک حالات کا سامنا بھی کرتے ہیں۔

یہ واقعہ صرف ایک بچاؤ کی کارروائی نہیں بلکہ ایک مضبوط پیغام ہے کہ مشکل حالات میں انسان کے اندر ذمہ داری، حوصلہ اور انسانیت کا جذبہ بیدار ہو سکتا ہے۔

Related Posts