سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں شرکت کے لیے زمبابوے کرکٹ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے، حکام کے مطابق سیریز کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی گئی ہے جس کے تحت اب یہ ایونٹ 18 نومبر سے شروع ہوگا۔
ذرائع کے مطابق زمبابوے ٹیم آج اسلام آباد پہنچنے کے بعد مکمل آرام کرے گی جس کے بعد کل سے پریکٹس سیشنز کا آغاز متوقع ہے۔
اس سہ ملکی سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ اس سیریز کے تمام میچ اب راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ پہلے طے شدہ منصوبے کے مطابق دو میچ راولپنڈی جبکہ باقی لاہور میں ہونا تھے تاہم سکیورٹی اور لاجسٹک وجوہات کے باعث مقام میں تبدیلی کی گئی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے نئے شیڈول کے مطابق ٹی 20 سیریز اب 17 کے بجائے 18 نومبر سے شروع ہوگی جبکہ فائنل میچ 29 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے تمام غیر ملکی ٹیموں کے لیے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ اس موقع پر سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ انہیں پی سی بی کی جانب سے اعلیٰ درجے کی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے فروغ اور بین الاقوامی تعلقات کے استحکام کے لیے پرعزم ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








