صوبہ بلوچستان کے ضلع خاران میں سکیورٹی فورسز نے 3مختلف مقامات پر کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں جھڑپوں اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کی 15 تاریخ کو بلوچستان کے شہر خاران میں 15 سے 20 فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے متعدد دہشت گردانہ کارروائیاں کیں، جن میں سٹی پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک اور حبیب بینک کو نشانہ بنایا گیا۔
شعبہ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے بینکوں سے 34 لاکھ روپے کی رقم لوٹ لی۔ سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا کردیا۔ کارروائی کے دوران 3 مختلف مقامات پر جھڑپوں میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی پولیس اسٹیشن پر یرغمالی صورتحال پیدا کرنے پر مبنی دہشت گردانہ کارروائی بھی ناکام بنا دی گئی جبکہ مقامی علاقے میں باقی کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزم استحکام وژن کے تحت غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مسلسل اور بھرپور کارروائی جاری رکھیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








