سرگودھا: منی ٹرک نہر میں جاگرا، جنازے میں شرکت کیلئے جانے والے 14افراد جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

سرگودھا
(فوٹو: آن لائن)

سرگودھا کے نواحی علاقے میں شدید دھند کے باعث ہولناک حادثہ پیش آگیا، جنازے میں شرکت کیلئے جانے والا منی ٹرک نہر میں جاگرا، جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 14افراد جاں بحق جبکہ 9زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جب یہ حادثہ پیش آیا، گلاپور بنگلہ نہر میں پانی موجود نہیں تھا، اس کے باوجود تیزرفتاری کے باعث بھاری جانی نقصان ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے، 5 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ٹرک میں سوار 23افراد جنازے میں شرکت کیلئے جارہے تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کردی۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

کوٹ مومن کے علاقے میں گلاپور بنگلہ کے قریب پیش آنے والا یہ حادثہ تھانہ مڈھ رانجھا کی حدود میں رات پونے دو بجے پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق متأۣثرہ خاندان راولپنڈی سے تعلق رکھتا ہے جو فیصل آباد میں اپنے ایک رشتہ دار کے جنازے میں شرکت کیلئے جارہا تھا۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے دوران پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔ دھند کے باعث موٹر وے کو متعدد مقامات سے بند کردیا گیا۔ حکام نے عوام سے بلا ضرورت سفر نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

Related Posts