پشاور: جنوبی وزیرستان کے علاقے سپینکئی رغزائی میں پہلی آئی جی ایف سی تائیکوانڈو چمپئن شپ کا افتتاح کر دیا گیا۔
آئی جی ایف سی تائیکوانڈو چمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کیڈٹ کالج سپینکئی میں منعقد ہوئی،تقریب کے مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر ایف سی ساؤتھ تھے ۔
کمانڈنٹ گومل اسکاوٹس ،سول انتظامیہ علاقے کے مشران اورمختلف اسکولوں کے طلباءاور کھلاڑیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر مہمان خصوصی کو روایتی لنگی پہنائی گئی اور ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
آئی جی ایف سی تائیکوانڈو چمپئن شپ ٹرافی کی تقریب رونمائی کی گئی ۔اسکول کے طلبا نے ملی نغمے اور وایتی پشتو رقص بھی پیش کیا ۔مہمان خصوصی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے اور یہاں کے بچوں میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔
اُن کامزید کہنا تھا کہ سیکورٹی اداروں اور مقامی لوگوں کی وجہ سے اب اس علاقے میں امن قائم ہے۔انتظامیہ کے مطابق اس چمپئن شپ میں ملک بھر کی 8ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں اسلام آباد ،گلگت بلتستان، سندھ ،بلوچستان ،پنجاب ،آزاد کشمیر اور وزیرستان کی ٹیمیں شامل ہیں ،15 نومبر تک مقابلے جاری رہیں گے۔