کراچی میں ہیوی ٹریفک کے 2 خونی حادثات، ایک خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

ہیوی ٹریفک
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہیوی ٹریفک کے 2 خونی حادثات کے نتیجے میں ایک نوجوان خاتون سمیت 2افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی ہسپتال چورنگی کے قریب ٹریلر کی زد میں آ کر موٹر سائیکل سوار خاتون جاں بحق ہوئی جس کی شناخت 24سالہ بشریٰ کے نام سے ہوئی۔ خونی حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے ٹریلر کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خاتون خود موٹر سائیکل چلا رہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔

دوسری جانب خاتون کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔ خاتون کا تعلق اوکاڑہ سے بتایا جاتا ہے جس کی تدفین آبائی علاقے میں کی جائے گی۔

ایک اور خونی حادثے میں کراچی کے علاقے اختر کالونی سگنل پر ایک ٹریلر نے 60 سالہ راہگیر کو ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ہے۔ پولیس نے واقعے کے بعد مزید تفتیش شروع کردی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل زمان ٹائون تھانے کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبرکوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکرسے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق جبکہ خاتون شدید زخمی ہوگئی تھیں جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ستمبر کے دوران ہونے والے حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت 45 سالہ سعید اللہ اور زخمی خاتون کی شناخت 40 سالہ رحیمہ کے نام سے کی گئی۔ حادثے میں جاں بحق شخص اور زخمی خاتون کوسٹ گارڈ چورنگی کے علاقے میں رہنے والے میاں بیوی تھے۔ حادثہ سندھ سالٹ ویسٹ مینجمنٹ کی گاڑی کی ٹکر کے باعث پیش آیا۔

Related Posts