کراچی کے علاقے سولجر بازار میں دھماکے سے رہائشی عمارت گر گئی جس کے نتیجے میں 3 سگی بہنوں سمیت 16افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے نتیجے میں کئی خاندان اجڑ گئے۔
ایک رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والی 3 بہنوں کا تعلق ٹنڈو محمد خان سے ہے جن کے والد کا نام انور لغاری ہے جبکہ یہ خاندان چند ہی سال قبل بے روزگاری کے باعث کراچی منتقل ہوا تھا۔ خاندان کے سربراہ رکشہ چلا کر اپنا اور بال بچوں کا پیٹ پالتے تھے۔
انور لغاری کی 7اولادوں میں سے 3 بیٹیاں گھروں میں کام کرتی اور ہوشربا مہنگائی میں گھر کا خرچ چلانے کیلئے باپ کی مدد کرتی تھیں۔ تینوں لڑکیوں کی ماں شہزادی لغاری پر غموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ جن کے آنسو نہیں تھم رہے کوینکہ انہوں نے اپنی 3 پیاری بیٹیاں ایک ساتھ کھو دیں۔
شدید غم سے نڈھال شہزادی لغاری کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ ٹنڈو محمد خان میں ان کا گاؤں بھی اس واقعے پر افسردہ ہے۔ گاؤں کے لوگ اس خاندان سے تعزیت کااظہار کر رہے ہیں جبکہ لواحقین نے حکومت اور مخیر حضرات سے اس مصیبت زدہ خاندان کی فوری مالی مدد کی اپیل کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








