پاکستانی سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں افغانستان کی سرحد سے ہونے والی ایک بڑی دراندازی کو ناکام بناتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی یکم اور 2 جولائی کی درمیانی شب اور پھر 2 اور 3 جولائی کی رات کو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، خوارج کے ایک بڑے گروہ کی مشکوک نقل و حرکت کو شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں بروقت شناخت کر لیا گیا۔
یہ گروہ فتنہ الخوارج نامی بھارتی پراکسی نیٹ ورک سے تعلق رکھتا تھا جو افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے سرگرم تھا۔
سیکورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ان دہشتگردوں پر فیصلہ کن حملہ کیا اور تمام 30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، چوکسی اور تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس دراندازی کو ناکام بنایا جو کہ ایک بڑے سانحے میں تبدیل ہو سکتی تھی۔
فوج کے ترجمان نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد عناصر کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ ساتھ ہی یہ اعادہ کیا گیا کہ پاک فوج ملک کے دفاع اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








