پاکستان نے ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ جیت لی

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan win Asian Youth Girls Netball Championship
Image: Radio Pakistan

جنوبی کوریا کے شہر جیونجو میں ہونے والی ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مالدیپ کو 60 کے مقابلے میں 35 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

فائنل میچ میں پاکستان کی ٹیم آغاز سے ہی مکمل طور پر چھائی رہی، پہلے کوارٹر میں 5ے مقابلے 17کی برتری حاصل کی جو میچ کے اختتام تک مزید مضبوط ہوتی گئی۔

ہاف ٹائم تک اسکور 34بمقابلہ 17 ہو چکا تھا جبکہ تیسرے کوارٹر کے اختتام پر پاکستان نے 45بمقابلہ 23 کی واضح برتری حاصل کر لی۔ میچ کے آخری وسل پر پاکستان 60بمقابلہ 35 سے فاتح قرار پایا۔

اس شاندار فتح کے ساتھ ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔ٹیم کی کامیابی میں تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا۔ ہر کھلاڑی نے فائنل میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔

پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین مدثر آرائیں، صدر سمین ملک اور سیکریٹری جنرل محمد ریاض نے اس تاریخی کامیابی پر ٹیم کو دلی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ فتح پاکستانی لڑکیوں کی محنت اور عزم کی عکاس ہے۔

ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 2025، ایشین نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام 27 جون سے 4 جولائی تک منعقد ہوئی۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں سعودی عرب کو 15-71 سے شکست دی، دوسرے میچ میں چائنیز تائی پے کو 32-56 سے ہرا کر تسلسل برقرار رکھا۔

تیسرے میچ میں میزبان جنوبی کوریا کو 6-91 سے ہرادیا جبکہ چوتھے میچ میں جاپان کو 39-79 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

ہر میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار ٹیم ورک، اسٹریٹجی اور عزم کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں یہ یادگار اور تاریخی کامیابی ممکن ہوئی۔

Related Posts